
گووندا اور بیوی کے درمیان ایسا کیا ہوا کہ بات طلاق تک جا پہنچی
ایک بار پھر بھارتی اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا سے طلاق کی خبریں گرم ہوگئیں، تاہم تاحال اداکار اور ان کی بیوی نے اس پر کوئی رد عمل نہیں دیا۔
شوبز ویب سائٹ ‘بولی وڈ شادیز‘ میں اپنی رپورٹ میں مختلف رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں کے درمیان دسمبر 2024 سے طلاق کی خبریں لیکن چند ماہ تک ایسی خبر تھم گئی تھیں، تاہم اب ان کی طلاق کے حوالے سے نئی معلومات سامنے آگئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر سنیتا آہوجا نے شوہر پر دھوکا دینے کے الزامات کے تحت دسمبر 2024 میں طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا، تاہم بعد ازاں اداکار اور ان کی اہلیہ نے طلاق کی افواہوں کو مسترد کردیا تھا۔
طلاق کی افواہوں کے بعد گووندا اور ان کی اہلیہ کو ایک ساتھ کم ہی دیکھا گیا، تاہم مختلف تقریبات میں دونوں کو ایک ساتھ موجود دیکھا گیا۔
اب دوبارہ خبریں آئی ہیں کہ سنیتا آہوجا نے طلاق سے رجوع کر رکھا ہے اور اس حوالے سے مئی 2025 میں بھی عدالت میں سماعت ہوئی تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ عدالت نے جون 2025 میں بھی سماعت کے دوران جوڑے کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا لیکن گووندا سماعت کے دوران پیش نہ ہوئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق سنیتا آہوجا تمام سماعتوں میں عدالت میں پیش ہوتی رہی ہیں لیکن گووندا عدالتی کارروائی سے کتراتے رہے ہیں اور وہ اہلیہ سے اختلافات ختم کرنے کی کوششوں میں ہیں۔
ویب سائٹ نے بتایا کہ سنیتا آہوجا نے ہندو میرج ایکٹ 1955 کے تحت طلاق کی درخواست دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے شوہر کے دوسری خواتین سے ناجائز تعلقات ہیں۔
طلاق کی خبروں کے بعد فروری اور مارچ میں گووندا اور ان کی اہلیہ نے مبہم انداز میں خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا اور سنیتا آہوجا نے کہا تھا کہ کوئی مائی کا لعل انہیں شوہر سے الگ نہیں کر سکتا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ساٹھ سال کی عمر کو پہنچنے والے گووندا کا مبینہ طور پر خود سے آدھی عمر کی 30 سالہ مراٹھی اداکارہ سے تعلقات کی وجہ سے دونوں میں اختلافات شدید ہوئے اور اب نوبت طلاق تک آن پہنچی ہے۔
خیال رہے کہ گووندا اور سنیتا آہوجا کی شادی 1987 میں ہوئی تھی اور انہیں دو بچے بھی ہیں۔
گووندا کی عمر 60 سال کے قریب ہے اور ان کا شمار ماضی کے مقبول اور مصروف بھارتی اداکاروں میں ہوتا ہے، انہیں ڈانس اور کامیڈی فلموں کی وجہ سے شہرت حاصل رہی۔