
پیٹرول کتنے روپے سستا ہوگا؟ عوام کے لئے بڑی خبر
ملک میں پیٹرول اور ڈیزل سمیت دیگر مصنوعات کی قیمتیں کم کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حکومت کل نئی قیمتوں کا اعلان کرے گی، جس کے بعد عوام کو معمولی ریلیف ملنے کی توقع ہے۔انڈسٹری ذرائع کے مطابق ابتدائی ورکنگ مکمل کر لی گئی ہے، جس میں پیٹرول 61 پیسے فی لیٹر سستا کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 3 روپے 13 پیسے، مٹی کے تیل میں 1 روپے 57 پیسے اور لائٹ ڈیزل میں 2 روپے 61 پیسے فی لیٹر کمی کی سفارش کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اوگرا 31 اگست کو قیمتوں کی حتمی ورکنگ وزارت پٹرولیم کو ارسال کرے گا، جس کے بعد وزیراعظم کی منظوری سے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔تجویز کے مطابق، پیٹرول کی نئی ممکنہ قیمت 264.61 روپے سے کم ہو کر 264 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 272.99 روپے سے کم ہو کر 269.86 روپے، مٹی کا تیل 178.27 روپے سے کم ہو کر 176.70 روپے اور لائٹ ڈیزل 162.16 روپے سے کم ہو کر 159.55 روپے فی لیٹر مقرر ہو سکتی ہے۔ذرائع کے مطابق حکومت اس وقت پیٹرول پر فی لیٹر 80.52 روپے اور ڈیزل پر 79.51 روپے کی لیوی وصول کر رہی ہے۔ نئی قیمتوں پر عمل درآمد یکم ستمبر 2025 سے ہوگا، جو 15 روز تک برقرار رہیں گی۔